حیدرآباد۔ 11۔ فروری (اعتماد نیوز) مشیر آباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں عاشق کے شادی سے انکار پر طالبہ نے اس کے گھر کے سامنے اقدام خودکشی کیا۔ اس معاملہ میں پولیس نے نوجوان اور اس کے باپ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دومل گوڑہ‘ ایس بی ایچ کالونی کی رہنے والی 21 سالہ لڑکی خانگی لاء کالج میں سال دوم میں زیر تعلیم ہے۔ وہ اور اس کا انٹرمیڈیٹ کا ساتھی 20 سالہ سائی ساکن رام نگر جمنی کالونی ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے۔ لڑکی‘ نوجوان پر شادی کے لئے دباؤ ڈال رہی تھی اور کل شام اسی مسئلہ پر بات چیت کے لئے وہ نوجوان کے گھر پہنچی۔ نوجوان کے باپ چندر شیکھر یادو اور دیگر ارکان خاندان نے شادی سے انکار کردیا۔ نوجوان لڑکی کو عاشق کے مکان کے سامنے پٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔ اسے 80 فیصد جھلسی ہوئی حالت میں گاندھی ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے جہاں وہ موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا زیر علاج ہے۔
حاملہ خاتون کی خودسوزی
ll حاملہ خاتون نے خودسوزی کرلی۔ کارخانہ پولیس کے مطابق 30 سالہ چترا کلا عرف چترا ساکن کاکا گوڑہ کی شادی 2 سال قبل گروناتھ سے ہوئی۔ شوہر اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا۔ اس دوران خاتون حاملہ ہوگئی۔ شوہر نے بیوی سے یہ کہتے ہوئے جھگڑا شروع کردیا کہ یہ بچہ اس کا نہیں ہے۔ علاوہ ازیں وہ اپنی بیوی کو مزید جہیز کے لئے بھی ہراساں کررہا تھا۔ اس مسئلہ پر 25 دسمبر کو ان کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد خاتون نے کیروسین چھڑک کر آگ لگالی تھی۔ دوران علاج جانبر نہ ہوسکی۔ اس انتہائی اقدام کی وجہ سے خاتون اور مادر شکم میں بچہ بھی فوت ہوگیا۔
مزدور 13 ویں منزل سے گر کر ہلاک
llزیر تعمیر عمارت کی 13 ویں منزل سے گر کر ایک مزدور ہلاک
ہوگیا۔ رائے درگ پولیس کے مطابق 35 سالہ ٹی منڈل ساکن رائے درگ متوطن مغربی بنگال اسی علاقہ کی ایک زیر تعمیر عمارت میں مزدوری کررہا تھا۔ آج صبح وہ 13 ویں منزل سے توازن کھو کر 11 ویں منزل پر گر پڑا جس کے نتیجہ میں اس کے سرپر گہری چوٹ آئی۔ وہ ہاسپٹل منتقل کرنے پر جانبر نہ ہوسکا۔
طالب علم کا اقدام خودکشی
llہال ٹکٹ نہ دینے پر دل برداشتہ طالب علم نے خودکشی کی کوشش کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ونستھلی پورم پولیس پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع خانگی کالج میں سریش نامی طالب علم زیر تعلیم ہے۔ کالج میں منعقد ہونے والے امتحانات کے لئے طالب علم کو فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہال ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ دل برداشتہ طالب علم نے اقدام خودکشی کیا۔ اسے علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کئے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم متعلقہ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی۔
خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی اور وحشیانہ قتل
ll میڈی پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک خاتون کا وحشیانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بوڈ اپل راج شیکھر ریڈی کالونی کے رہنے والے نرنجن کی بیوی 50 سالہ لکشمماں کا کل رات نامعلوم افراد نے سر پر وزنی پتھر اور شراب کی بوتل سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ جنسی رقابت کا شبہ کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کا اجتماعی عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا گیا۔ درندہ صفت حملہ آوروں نے جسم کے نازک حصوں کو بھی بے دردی سے نقصان پہنچایا۔ مقتولہ کے زیورات کا سرقہ نہیں کیا گیاجس سے شبہ کیا جاتا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد عصمت ریزی کے بعد خاتون کا قتل تھا۔خاتون کی نعش مکان کے قریب کھلی اراضی سے دستیاب ہوئی۔ پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔